← Nazm
نظم : میں بکنے کو تیار نہیں
مری خاموشی، مری ہار نہیں،دل پہ زخم ہیں، دل بے کار نہیں۔میں اب بھی اپنے ساتھ کھڑا ہوں،میں بکنے کو تیار نہیں۔
جن کو اپنا یار کہا،اُنہوں نے ہی وار کیا۔میں نے اُن کا درد سنا،اُنہوں نے بیزار کیا۔
گھر میں اپنا حال چھپایا،باہر سب کو خوب ہنسایا۔رات نے جب بھی حال تھا پوچھا،تکیے میں بس منہ کو چھپایا۔
آنکھ میں آنسو آج بھی ہیں،سینے میں کچھ راز بھی ہیں۔تم نے بس خاموشی دیکھی،مجھ میں زندہ الفاظ بھی ہیں۔
میں بکنے کو تیار نہیں،مکّاروں کا قرض دار نہیں۔کھوکھلے رشتوں کے زخم سہوں گا،پر نفرت کا حق دار نہیں۔
تم نے دھوکا عام رکھا،میں نے سچ کا احترام رکھا۔تم نے ہر سچ دام پہ تولا،میں نے سچ بے دام رکھا۔
میرے حصّے کا سکھ لے کر،مجھ کو ہی نادان کہا۔میری چھت کے نیچے رہ کر،تم نے مجھ کو مہمان کہا۔
اب اپنے حق میں بولوں گا،اب دل کی گرہیں کھولوں گا۔جو بوجھ تمہارا حصّہ ہے،وہ کب تک تنہا ڈھوؤں گا؟
اب ماں کا وہ پیار کہاں ہے؟گودی کا وہ قرار کہاں ہے؟کون مرے آنسو دیکھ کے پوچھے؟اب وہ مری غم خوار کہاں ہے؟
کاش میں اُس کی گود میں روتا،اشکوں سے ہر درد کو دھوتا۔نہ کچھ کہنے سننے کی حاجت،ہلکا ہو کر چین سے سوتا۔
اب بھی درد سے رشتہ میرا،اب بھی دل بیزار نہیں۔گر کر اُٹھنا سیکھ لیا ہے،گرنا میری ہار نہیں۔
سر رب کے آگے جھکتا ہے،ہر در پر یہ خم ہوتا نہیں۔دل زخمی ہے، پر زندہ ہے،ہر زخم سے پتھر ہوتا نہیں۔
میں اپنے سچ سے بیزار نہیں،کھوٹے سکّوں کا خریدار نہیں۔میرا ضمیر ہے میری دولت،میں بکنے کو تیار نہیں۔
AFGAAN · افگنؔ
